مشی فاطمیہ میں پاکستانی علما و طلاب نے موکب شہید عارف حسین الحسینی قائم کیا
شیعیت نیوز : ایام فاطمیہ کے موقع پر حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک منعقد ہونے والے روحانی پیدل مارچ مشی فاطمیہ میں ایران میں مقیم پاکستانی علما و طلاب نے خدمت زائرین کے جذبے کے تحت بھرپور حصہ لیا۔ جامعہ روحانیت خیبرپختونخوا قم المقدسہ کی جانب سے اس موقع پر موکب شہید عارف حسین الحسینی قائم کیا گیا۔
بلوار پیامبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ستون نمبر 28 پر قائم اس موکب میں پاکستانی علما و طلاب نے عقیدت و خلوص کے ساتھ خدمات انجام دیں اور پیدل مارچ میں شریک عزاداران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور زائرین کی میزبانی اور پذیرائی کا اہتمام کیا۔
یہ بھی پڑھیں : حیدرآباد: خانہ فرہنگ ایران میں یوم طلبہ پر شہدائے میناب اور فلسطین سے اظہار یکجہتی
اس اقدام کے ذریعے انہوں نے اہل بیت علیہم السلام سے اپنی والہانہ عقیدت کے ساتھ ساتھ خدمت خلق اور زائرین کی میزبانی کے جذبے کا بھی اظہار کیا۔ دینی مدارس کے علما و طلاب کی یہ اجتماعی کاوش علمی و تبلیغی میدان کے ساتھ عملی خدمت، اخوت اور ہمدردی کے فروغ کی عکاس ہے۔
موکب شہید عارف حسین الحسینی کا قیام شہدائے اسلام کی یاد کو زندہ رکھنے، مکتب اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی کو مضبوط بنانے اور زائرین کی خدمت کے ذریعے ایام فاطمیہ کے پیغام کو عملی طور پر اجاگر کرنے کی ایک قابل تحسین کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔







