پاکستان اور عراق کے دینی اداروں میں تعاون فروغ پائے گا، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے دورہ عراق کے دوران نجف اشرف میں مؤسسۃ المصطفیٰ کا دورہ کیا اور ادارے کے بانی و حوزہ علمیہ نجف اشرف کے استاد علامہ سید رشید حسینی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عراق کے علمی و دینی اداروں کے درمیان روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دینی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور معارف اہل بیتؑ کی ترویج پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ادارہ المجیب کی علمی، تبلیغی اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں : نوجوان شاہین اقبال جیسا کردار اپنا کر بلند نظری کو شعار بنائیں، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بالخصوص اردو زبان میں دینی معارف کی اشاعت اور اردو داں طبقے تک مستند اسلامی تعلیمات پہنچانے کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور شعبہ اردو کے ذمہ داران سے جاری علمی منصوبوں اور مستقبل کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
یہ دورہ عراق و پاکستان کے دینی و علمی حلقوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اسی دورہ عراق کے دوران علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی سے بھی ملاقات کی تھی۔







