ٹرمپ کی عبرتناک شکست ولیِ خدا کی پیشنگوئی تھی، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطبۂ فدکیہ کو دفاعِ اسلام، دفاعِ ولایت، عدلِ اجتماعی اور حقوق کے تحفظ کا ایک جامع منشور قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور تاریخی خطبہ محض ایک زمین کا تنازع نہیں، بلکہ امت کو توحید، نبوت، امامت اور اجتماعی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرنے کا عظیم پیغام ہے۔ حضرت زہرا (س) نے امامت کو امت کے انتشار سے بچاؤ کا ذریعہ قرار دیا، حق کے دفاع کے لیے بصیرت اور استقامت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ المصطفیٰ کراچی: سیرتِ زینبی اور خواتین کے کردار پر تحقیقی نشست کا انعقاد
اپنے دوسرے خطبے میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ رسوائی ولیِ خدا شہید سید علی خامنہ ای کی اس پیشنگوئی کا سچ ثابت ہونا ہے کہ فرعون اور یزید کی طرح ٹرمپ بھی ذلیل و خوار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار اپنی طاقت کے باوجود ہمیشہ کامیاب نہیں رہ سکتا، قرآن کا وعدہ ہے کہ باطل کو مٹنا ہے اور اللہ کی مدد ہمیشہ مومنین کے ساتھ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ تکبر کی بنیاد پر قائم نظام ہمیشہ تباہ ہوتے ہیں اور قرآنی بشارت کے مطابق بالآخر مستضعفین اور مظلوم اقوام ہی زمین کی وارث بنیں گی۔






