اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں فاطمہ شناسی کو عام کیا جائے، آیت اللہ فاضل لنکرانی
شیعیت نیوز : مرکز فقہی ائمہ اطہار علیہم السلام کے سربراہ آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا ہے کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں فاطمہ شناسی کو عام کیا جائے، اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان نبوت، امامت، ولایت اور قرآن کریم کو سمجھتا ہو۔
وہ قم میں مرکز فقہی ائمہ اطہار علیہم السلام کے زیر اہتمام سولہویں سالانہ شعری نشست "محبوبۂ خدا” سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں علما، اساتذہ، ائمہ جماعت، طلبا اور عقیدت مندوں نے شرکت کی، جبکہ شعرا نے بارگاہِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں کلام پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی سیاست کا مقصد عدل اور مظلوموں کی حمایت ہے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے کہا کہ روایات کے مطابق آپ کے نو مبارک نام ہیں جو اللہ تعالیٰ نے مقرر فرمائے، اور ہر نام میں گہرے اسرار پوشیدہ ہیں۔ انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو لیلۃ القدر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ کی حقیقت کو مکمل سمجھنا انسانی بساط سے باہر ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ فاطمہ شناسی کے لیے اللہ سے دعا و توسل ضروری ہے، اور تعلیمی اداروں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و شخصیت سے آگاہی کو باقاعدہ فروغ دیا جانا چاہیے۔







