ہرمز میں دو آئل ٹینکروں میں آگ، دو امریکی لوکاس ڈرون قبضے میں، سپاہ پاسداران
آئل ٹینکر ایل گایا
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں گزشتہ شب دو الگ الگ واقعات میں دو آئل ٹینکروں اور ایک ٹگ بوٹ میں آگ لگ گئی، جبکہ ایرانی بحریہ کے الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے دو امریکی لوکاس ڈرونز کا کنٹرول سنبھال کر انہیں بحفاظت زمین پر اتار لیا اور اپنے قبضے میں لے لیا۔
بیان کے مطابق ایک بڑا آئل ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوب میں غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس سے اس میں آگ لگ گئی اور اسے رکنا پڑا۔ دوسرا سپر ٹینکر آبنائے کے مشرق میں اسی غیر مجاز راستے سے نکلتے ہوئے بڑے پیمانے پر آگ کی لپیٹ میں آ گیا، اور اس کی آگ بجھانے کے لیے قریب آنے والی ایک ٹگ بوٹ بھی جل اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں : ہرمز میں غیر مجاز راستے پر چلنے والے تین آئل ٹینکر جل اٹھے، سپاہ پاسداران
سپاہ پاسداران نے ایرانی عوام کی 250 روزہ ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحریہ پوری قوت اور اختیار کے ساتھ آبنائے ہرمز کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ بیان میں امریکی حکومت پر الزام لگایا گیا کہ وہ جہازوں کو قوانین کی خلاف ورزی اور بارودی سرنگوں والے راستے پر چلنے کی ترغیب دے کر تباہ ہونے والے جہازوں کے بھاری انشورنس اخراجات امریکی ٹیکس دہندگان اور خطے میں اپنے اتحادیوں پر ڈال رہی ہے۔
بیان کے مطابق اگر واشنگٹن دانش مندی سے کام لیتا تو ایران کے منجمد اثاثے جاری کرکے ان بھاری نقصانات اور شرمناک انتخابی شکست سے بچ سکتا تھا، کیونکہ ایران کے منجمد اثاثوں کی مالیت اب تک ہونے والے اخراجات کے نصف سے بھی کم ہے۔ سپاہ پاسداران نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں غیر قانونی سرگرمیوں سے امریکی سامراج کو مزید مالی نقصانات اور سیاسی دھچکوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔







