آل پارٹیز کانفرنس ایک ہفتے سے 10 دن میں ہوگی، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

05 نومبر, 2026 08:34

شیعیت نیوز : سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ایک ہفتے سے 10 دن کے اندر منعقد کی جائے گی، جس کے لیے قائم کمیٹی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ایجنڈا اور حتمی تاریخ طے کرے گی۔ وہ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن قائدین کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی میں سلمان اکرم راجہ، سینیٹر کامران مرتضیٰ، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر، ناصر عباس شیرازی اور محمد اسلم غوری شامل ہیں، جبکہ خالد یوسف چوہدری اور حسین احمد یوسفزئی کانفرنس کے کوآرڈینیٹر ہوں گے۔ پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے الگ ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر راج اور ایمرجنسی فوری ختم کی جائے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ عوامی مینڈیٹ پر حملہ ہے، ملک غیر آئینی طریقے سے چلایا جا رہا ہے، انتخابات میں مینڈیٹ چرایا گیا اور عدلیہ کی آزادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے، حکومتی وزرا خود نظام کی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں اور اپوزیشن ملک کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر، اکرم خان درانی اور حافظ حمد اللہ سمیت مختلف جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اس اتحاد کا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا ہے، اور انہوں نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف کردار کشی کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

9:47 صبح نومبر 5, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔