این پی ٹی سے نکلنے کیلئے پارلیمنٹ میں 10 بلوں کا جائزہ جاری ہے، ابراہیم رضائی
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی سے نکلنے کے لیے پارلیمنٹ میں کم از کم 10 بل رجسٹر ہوئے ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے، زیادہ تر نمائندے ان سے ہم آہنگ ہیں اور یہ بل ووٹنگ کے لیے ایوان میں پیش ہونے کو تیار ہیں۔
ایرانی ٹی وی کے ایک خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 40 روزہ جنگ کا سبق یہ ہے کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے معاملے میں کسی کے ساتھ تکلف نہیں کرتا، اور ہم نے ثابت کر دیا کہ دشمن کو کہیں بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، پاکستان سمیت 12 ممالک
ابراہیم رضائی نے کہا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ بے مثال تعاون کے باوجود ایران کو کوئی فائدہ نہیں ملا، ایران نے جوہری معاہدے پر عمل کیا مگر نتیجہ ٹرمپ کے انخلا اور پھر ایران پر حملے کی صورت میں نکلا، اور دشمن خود مانتا ہے کہ اگر ایران جوہری طاقت ہوتا تو اس پر حملہ نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جوہری صلاحیت کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور یورینیم افزودگی کی سطح 90 فیصد تک لے جانی چاہیے تاکہ اگر ملک نے فیصلہ کیا تو یہ فاصلہ کم سے کم ہو، جبکہ ایران کی طاقت مذاکرات کی میز پر دشمن کے حوالے نہیں کی جائے گی۔







