علم و ایمان سے لیس ہو کر ایران کو ترقی کی چوٹیوں تک پہنچائیں، رہبر معظم
شیعیت نیوز : رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) نے ملک بھر کی طلبہ تنظیموں کے حالیہ خطوط کے جواب میں ایرانی نوجوانوں اور یونیورسٹی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ علم اور ایمان سے لیس ہو کر اسلامی جمہوریہ کو ترقی کی چوٹیوں تک پہنچائیں۔
بدھ کے روز جاری اپنے پیغام میں رہبر معظم نے لکھا کہ نوجوان طلبہ، میں نے آپ کے محبت بھرے خطوط بڑی توجہ سے پڑھے ہیں، ان خطوط میں جھلکنے والا عزم، ارادہ اور احساس ذمہ داری ایک بھاری امانت ہے جس کی جڑیں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے خالص اسلام، امام خمینیؒ اور رہبر شہید آیت اللہ خامنہ ای کی میراث میں پیوست ہیں، اور یہی عزم قیادت اور نوجوان نسل کے درمیان عہد و پیمان کا رشتہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی طاقت علمی و تکنیکی اقتدار پر استوار ہے، رہبر معظم
رہبر انقلاب اسلامی نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ علم، ایمان، تزکیہ نفس اور قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے گہری آشنائی کے ہتھیار سے خود کو آراستہ کریں اور عزیز ایران کی طاقت اور اقتدار میں اضافے کے لیے کام اور جدت میں دوگنی کوشش کریں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی کی بلندیوں اور ایرانی اسلامی تمدن کی جانب سفر جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
واضح رہے کہ یہ پیغام پیر کے روز رہبر معظم کے اس پیغام کے بعد سامنے آیا ہے جو انہوں نے سائنسی اولمپیاڈ اور کھیلوں کے میدان میں تمغے جیتنے والے ایرانیوں کے نام جاری کیا تھا، اور جس میں انہوں نے مضبوط ایران کا انحصار علمی و تکنیکی طاقت پر قرار دیا تھا۔





