سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل ملکی امور کا چوراہۂ تدبیر ہے، رہبر معظم
شیعیت نیوز : سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل ڈاکٹر محسن رضائی نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں رہبر معظم نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل اور اس کے سیکرٹریٹ کو ملکی امور کی تدبیر کا چوراہا قرار دیتے ہوئے ثقافت، سیاست، معیشت اور سلامتی کے چاروں شعبوں کے باہمی اثرات اور ہر شعبے میں فیصلہ سازی کے ساتھ اس سے متعلق ضروری لوازمات کی تیاری پر زور دیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ٹھوس اور مستحکم فیصلے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر اقدام کا ایک ایسا روڈ میپ موجود ہو جو اس کے نقطہ آغاز سے اختتام تک مکمل تصویر پر مبنی ہو۔
ملاقات میں جن دیگر نکات پر گفتگو ہوئی ان میں قومی یکجہتی و وحدت اور عوام و حکام کے درمیان باہمی اعتماد کو مضبوط بنانا، ملکی مسائل کے حل میں آسانی اور تیزی کے لیے صدر اور انتظامی اداروں کی مدد کی خاطر آئین بالخصوص آرٹیکل 176 کی گنجائش سے استفادہ، آبنائے ہرمز کے انتظام کے ذریعے قومی اور علاقائی سلامتی کا تحفظ، اور پائیدار باہمی مفادات کی بنیاد پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا استحکام شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی ایشیا میں سلامتی اندرونی بنیادوں پر قائم ہو، میجر جنرل محسن رضائی
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دشمن کی بے بسی کو قومی مزاحمت کا ثمر قرار دیا اور ملک و نظام کے دفاع میں عوام کی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے فعال اور بروقت اطلاع رسانی پر زور دیا، نیز جنگ اور "نہ جنگ نہ امن” کی صورتحال کے خاتمے کے مقصد سے ملکی حکام کی جانب سے پیش کردہ شرائط پر عمل درآمد کے ذریعے ایرانی قوم اور محاذ مقاومت کے حقوق و مفادات کے حصول کی پیروی کی تاکید کی۔
اس ملاقات میں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے مختلف شعبوں میں ملکی صورتحال اور جاری کوششوں پر رپورٹ پیش کی۔ ڈاکٹر محسن رضائی نے بتایا کہ "علاقائی انتظامات اور خطے کے اندر سے ابھرنے والے نظم کو منظم کرنے” کی اسلامی جمہوریہ کی اسٹریٹجک پالیسی پر عمل درآمد سیکرٹریٹ کے جاری اقدامات میں شامل ہے۔






