ایرانی قوم کی مزاحمت نے امریکہ کو اپنے مقاصد میں ناکام بنا دیا، علی باقری کنی
شیعیت نیوز : ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹریٹ میں خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی سلامتی کے نائب علی باقری کنی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج کی مزاحمت اور رہبر انقلاب اسلامی کی حکمت عملی نے امریکہ کو اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام بنا دیا، جبکہ صیہونی حکومت بھی حالات کو اپنے منصوبوں کے مطابق آگے بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی قومی صلاحیتوں اور داخلی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے دو مرحلوں میں ہونے والی فوجی جارحیت کا مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : تہران اجلاس خطے میں مقامی سلامتی نظام کی جانب اہم قدم ہوگا، علی باقری کنی
علی باقری کنی کے مطابق تہران میں ہونے والے چار ملکی اجلاس کا مشترکہ نکتہ خود انحصاری اور اندرونی صلاحیتوں کی بنیاد پر طاقت کا حصول تھا، اور خطے کے ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ عدم تحفظ، عدم استحکام اور بحرانوں کی اصل جڑ صیہونی حکومت ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ خطے کے تمام ممالک تسلیم کرتے ہیں کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج کی مزاحمت نے امریکہ کو ناکام اور بے بس کر دیا ہے، جبکہ غاصب صیہونی حکومت کی صورتحال بھی اچھی نہیں ہے۔






