ٹرمپ کے بیان نے سفارت کاری سے امریکی نفرت پھر بے نقاب کر دی، اسماعیل بقائی
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو وقت کا ضیاع قرار دینا ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ واشنطن سفارت کاری کا کوئی پاس نہیں رکھتا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بدھ کے روز اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ سفارت کاری سے واشنطن کی نفرت ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے اور ٹرمپ کے بیان نے امریکی سفارتی وعدوں کا کھوکھلا پن عیاں کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں کیونکہ امریکہ کی تاریخ یہی ہے کہ جب بھی وعدے نبھانا مشکل یا ناپسندیدہ ہو جائے، وہ انہیں چھوڑ دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران حالت جنگ میں ہے، اپنے دفاع میں ہچکچاہٹ نہیں کریں گے، اسماعیل بقائی
اسماعیل بقائی نے یورپی ممالک اور امریکی سامراج کے دیگر حامیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی بدعملی پر پردہ ڈالنے اور اسے جوابدہی سے بچانے کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہا، توڑے گئے وعدوں کا کوئی عذر قابل قبول نہیں، بین الاقوامی قانون کو چن چن کر لاگو نہیں کیا جا سکتا اور کوئی سیاسی بیان بازی واشنطن کو جوابدہی سے بری نہیں کر سکتی۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے مسیسیپی میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم نے ایک چھوٹی سی جنگ بندی کی جو مجھے کبھی زیادہ پسند نہیں تھی اور میں اسے وقت کا ضیاع سمجھتا تھا، جبکہ پاکستان کی ثالثی میں جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں فوجی حملے فوری روکنے، امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے، آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی انتظامات، پابندیوں میں نرمی کے راستے اور تعمیر نو کے فریم ورک کی شقیں شامل تھیں، تاہم امریکہ نے ایران پر فضائی حملے کر کے اور بحری ناکہ بندی مسلط کر کے فوراً اس کی خلاف ورزی کی۔





