ایرانی صدر اور امیر قطر کا توانائی میں تعاون بڑھانے پر زور، ماسکو میں ملاقات
ڈاکٹر مسعود پزشکیان
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے روس میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تہران اور دوحہ کے باہمی تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کی سطح بڑھانے کے لیے موجودہ امکانات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : گیس برآمد کنندہ ممالک سربراہی اجلاس، ایرانی صدر آج رات روس روانہ ہوں گے
توانائی کے شعبے میں تعاون، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی توسیع اور گیس برآمد کرنے والے ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اس ملاقات کے اہم نکات میں شامل تھا۔
ایرانی صدر پیر کی رات گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تہران سے ماسکو روانہ ہوئے تھے، جبکہ کریملن کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن فورم کے رہنماؤں کی میزبانی کے بعد ماسکو میں ایرانی صدر اور امیر قطر سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔






