گبد ریمدان سرحد ایک ہفتے بعد دوبارہ کھل گئی، دوطرفہ تجارت بحال
شیعیت نیوز : پاکستان نے گبد ریمدان سرحدی گزرگاہ ایک ہفتے کی معطلی کے بعد دوبارہ کھول دی ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بحال ہو گئی ہے اور مائع گیس (ایل پی جی) اور اشیائے خورونوش لے جانے والے پھنسے ہوئے ٹرکوں کی آمد و رفت ممکن ہو گئی ہے۔ گوادر چیمبر آف کامرس کے صدر نے اس فیصلے کو تاجروں کے لیے فوری ریلیف قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ایل پی جی کی قلت دور ہوگی اور قیمتوں میں کمی آئے گی۔
گزرگاہ کھولنے سے قبل سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تجارتی قافلوں کے تحفظ کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی، کیونکہ حال ہی میں نامعلوم مسلح افراد نے بند گزرگاہ کے قریب کھڑے درجنوں ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی اور کئی دیگر کو نقصان پہنچایا تھا۔ یہ معطلی 17 اکتوبر کو وزارت تجارت کی جانب سے 3 اکتوبر کا حکم نامہ واپس لیے جانے کے بعد شروع ہوئی تھی، جس کے باعث سرحد کے دونوں اطراف سینکڑوں ٹرک پھنس گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند نہیں کیں، ایرانی سفیر
اس سے قبل پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے واضح کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تجارت میں خلل کی وجہ ایران کی جانب سے ایل پی جی کی برآمدات میں کمی نہیں بلکہ پاکستان کے ای فارم طریقہ کار میں تبدیلی ہے۔
ایرانی سفیر نے زور دیا تھا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو سامان کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے اور ایران کی اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں۔







