یمنی قوم تحقیر کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی، عبدالعزیز بن حبتور

27 اکتوبر, 2026 11:39

شیعیت نیوز : یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن عبدالعزیز بن حبتور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیانات اور بعض ممالک کی توہین پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی گفتگو نسل پرستانہ اور نوآبادیاتی سوچ کی عکاسی کرتی ہے، تاہم یمنی قوم تحقیر کے سامنے کبھی سر تسلیم خم نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے بعض ممالک اور ان کی قوموں کو "گندا” قرار دینا محض انتخابی مہم کے دوران زبان کی پھسلن نہیں، بلکہ ایسی سوچ کا اظہار ہے جو دوسرے ممالک کو برتری اور تسلط کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی یمن کے عوام سعودی بھرتی مہم کا حصہ نہ بنیں، رکن سپریم پولیٹیکل کونسل

عبدالعزیز بن حبتور نے کہا کہ یمن، لیبیا، صومالیہ اور ہیٹی ایسے ممالک ہیں جن کی اپنی تاریخ، تہذیب اور عزت و وقار ہے، اور ان کے عوام نے ان تسلط پسندانہ پالیسیوں اور مداخلتوں کی بھاری قیمت چکائی ہے جن کے براہ راست ذمہ دار امریکہ اور اس کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور افراتفری کی بات کرنے والے کو پہلے ان ممالک میں بحران پیدا کرنے، ان کے وسائل لوٹنے اور عدم استحکام کو ہوا دینے میں اپنے کردار کا جائزہ لینا چاہیے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یمنی قوم آج استکباری طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے اور اس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور عزت و وقار کی حقدار ہے، اور یمن کی سرزمین توہین و تحقیر کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔

12:31 شام اکتوبر 27, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔