ایران نے پاکستان کے لیے سرحدیں بند نہیں کیں، ایرانی سفیر

25 اکتوبر, 2026 18:14

شیعیت نیوز : پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران کی جانب سے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کیے جانے کی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ایرانی جانب سے ایل پی جی سمیت ایرانی اشیاء کی پاکستان برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ وضاحت اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کی۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کی اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں۔ موجودہ حالات میں ایران کے لیے اپنے قریبی ہمسایوں بالخصوص برادر ملک پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنا نہ تو منطقی ہوگا اور نہ ہی کسی فریق کے مفاد میں ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران سے درآمدات کے لیے پاکستان کے ای فارم طریقہ کار پر عمل درآمد میں تبدیلیوں کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے کہ تاجر عملی طور پر ایران سے پاکستان سامان روانہ نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور پاکستان کے عوامی روابط کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، پاکستانی سفیر

رضا امیری مقدم نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی سے لدے کئی سو ٹرک ریمدان سرحد سے پاکستانی حدود میں گبد پہنچ چکے ہیں، تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان ٹرکوں کا سامان اتارا جا سکا ہے نہ انہیں کلیئرنس ملی ہے، جس سے دوطرفہ تجارت میں مزید پیچیدگی پیدا ہوئی ہے۔

ایرانی سفیر نے زور دیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی تجارت اعلیٰ ترین سطح پر طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کا لازمی حصہ ہے اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اس تجارت کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں موجودہ مشکلات دور کرنے اور دونوں برادر ممالک کے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ گوادر میں واقع گبد ریمدان سرحدی گزرگاہ پر ایک ہفتے کی معطلی کے بعد ہفتے کے روز تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، جہاں ابتدائی طور پر 16 اکتوبر یا اس سے پہلے کے کنسائنمنٹ نوٹس رکھنے والی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔

7:11 شام اکتوبر 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔