مسلمان قرآن پر عمل کرتے تو آج دنیا پر حکمرانی کر رہے ہوتے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

10 اکتوبر, 2026 13:44

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور ممتاز عالم دین آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قرآن مجید انسان کو عروج اور کمال تک پہنچانے کے لیے نازل ہوا ہے۔ اگر آج مسلمان قرآنی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہوتے تو وہ بلاشبہ دنیا کی سپر پاور ہوتے اور پوری دنیا پر حکمرانی کر رہے ہوتے۔ انہوں نے یہ بات جامع علی مسجد، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہی۔

حافظ ریاض نجفی نے واضح کیا کہ قرآن مجید انسان کی روحانی اور جسمانی دونوں بیماریوں کا مکمل علاج ہے اور اس میں ہر مسئلے کا یقینی حل موجود ہے۔ انہوں نے چوتھے تاجدار امامت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انسان تنہا ہو اور اس کا کوئی مونس و مددگار نہ ہو، تو اللہ تعالیٰ کا کلام اس کا بہترین غمخوار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ تورات تک سب کی رسائی نہیں تھی اور انجیل میں فقط وعظ و نصیحت تھی، مگر قرآن وہ واحد کتاب ہے جو انسان کی ہمہ گیر رہنمائی اور اسے اوج تک پہنچانے کے لیے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی ممکنہ شمولیت پر تشویش، ایم ڈبلیو ایم کی اہم پریس کانفرنس

انسانی قدر و قیمت اور معاشرتی رویوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسان کا کمال اس کے حسنِ سلوک اور دوسروں کے لیے مفید ہونے میں پوشیدہ ہے۔ ایک انسان لوگوں کے لیے جتنا مفید ہے، اس کی قیمت اتنی ہی زیادہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب کوئی حاجت مند پاس آئے تو اس کی حاجت روائی کی پوری کوشش کرنی چاہیے؛ تھوڑا دینا بالکل نہ دینے سے بہتر ہے کیونکہ انسان کی قیمت اس کے احسانات سے لگائی جاتی ہے۔

معاشرے میں بڑھتی ہوئی بیماریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ آج کل بیماریوں کی بنیادی وجہ ہماری ناقص اور مغرب زدہ خوراک ہے، جس نے انسان کی اوسط عمر میں 20 سے 25 سال کی کمی کر دی ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے اپنی زندگیوں کو قرآن کے بجائے اپنی مرضی کے تابع کر لیا ہے۔ اگر مسلمان اپنی خوراک اور طرزِ زندگی کو قرآنِ مجید اور فرامینِ اہل بیت علیہم السلام کے مطابق ڈھال لیں، تو وہ ہمیشہ تندرست و توانا رہ سکتے ہیں۔

2:34 شام اکتوبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔