آل سعود اجرتی جنگجوؤں کے بل بوتے پر مقابلہ نہیں کر سکتے، انصاراللہ
حزام الاسد
شیعیت نیوز : یمن کی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن حزام الاسد نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ آبنائے باب المندب دنیا بھر کے تمام جہازوں کے لیے کھلا ہے، تاہم سعودی بحری جہازوں کے لیے اسے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سعودی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریاض یمن کی جنگ کے دلدل میں بری طرح پھنس چکا ہے اور کثیر القومی اجرتی جنگجوؤں (مرسنریز) پر انحصار کے باوجود وہ یمنی عوام کے فولادی عزم کا مقابلہ کرنے کی قطعی صلاحیت نہیں رکھتا۔
یہ بھی پڑھیں : ناوی پیلای کو نوبل امن انعام کا ملنا غزہ کے لیے انصاف کی جانب اہم قدم ہے، حماس
حزام الاسد نے آل سعود کے جھوٹے اور مکارانہ دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ صنعاء کا سعودی عرب کے مقدس شہروں پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، البتہ یمن کی میزائل فورس اس بات کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے کہ وہ سعودی عرب کے اندرونی اور حساس ترین علاقوں کو بخوبی نشانہ بنائے۔ سعودی عرب کی بدترین اور بحرانی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو ملک یمن جنگ میں ناکامی کے بعد آج بیرونی امداد کے لیے ہاتھ پھیلا رہا ہے، وہ یمن میں فتح کا خواب کیسے دیکھ سکتا ہے۔
انصاراللہ کے رہنما نے جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی مخلصانہ ثالثی کا خیرمقدم کیا، تاہم انہوں نے دیگر ممالک کو سخت انتباہ دیا کہ وہ یمن کے تنازع میں غیر ضروری مداخلت اور جارح قوتوں کی پشت پناہی سے باز رہیں۔






