فلسطین و لبنان میں مظالم پر عالمی خاموشی تشویشناک ہے، علامہ ساجد نقوی

01 اکتوبر, 2026 20:21

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یومِ بزرگاں (یکم اکتوبر)، عالمی یومِ عدم تشدد (2 اکتوبر) اور عالمی یومِ اساتذہ (5 اکتوبر) کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغامات میں واضح کیا ہے کہ اقوام کی کامیابی میں بزرگ شہریوں کی تکریم، عدم تشدد اور اساتذہ کا احترام بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ان بین الاقوامی اصولوں کی کھلی پامالی دنیا میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر امریکی پابندیاں یکطرفہ ہیں، تہران کے ساتھ تجارت جاری رکھیں گے، دفتر خارجہ پاکستان

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ عدم برداشت ہی انتہاپسندی اور شدت پسندی کی راہ ہموار کرتی ہے۔ اسلام امن، سلامتی اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے، جبکہ موجودہ دور میں طاقت کے بے جا استعمال، ریاستوں کو یرغمال بنانے اور مکالمے کے بجائے گالی و تشدد کے کلچر نے دنیا کا امن تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بزرگوں کی عزت و تکریم محض اخلاقی فریضہ نہیں بلکہ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی شناخت ہے۔ اسی طرح اساتذہ قوموں کی تعمیر و ترقی، نئی نسل کی تربیت اور کردار سازی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، جنہیں قرآنِ کریم اور مشرقی روایات میں غیر معمولی مقام حاصل ہے۔

مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطے، بالخصوص ایران، فلسطین، لبنان اور غزہ کے مظلوم عوام پر مسلط کی گئی جنگ اور مظالم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں تعلیمی اداروں، اساتذہ، طلبہ، شیر خوار بچوں اور بزرگ شہریوں کو سفاکیت اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ عالمی اداروں کی اس پر مجرمانہ خاموشی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض ایام منانے تک محدود رہنے کے بجائے انسانی جانوں، تعلیمی مراکز اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مؤثر عملی اقدامات کرے۔

9:22 شام اکتوبر 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔