پاراچنار: طوفان الاقصیٰ کی مناسبت سے ’حمایت مستضعفین جہان‘ پریس کانفرنس، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان
تحریک بیداری امت
شیعیت نیوز : تحریکِ بیداری امت پاکستان کے زیرِ اہتمام 7 اکتوبر، عالمی یومِ طوفان الاقصٰی کی مناسبت سے پاراچنار میں ’حمایت مستضعفین جہان‘ کے عنوان سے ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں علمائے کرام سمیت مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی اور 7 اکتوبر کے تاریخی دن کی مناسبت سے فلسطینی مزاحمتی قوت کی جانب سے اپنی بقا اور دفاع کے لیے کی گئی کارروائی کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ الاسلام علامہ سید احمد حسین الحسینی، تحریک حسینی کے صدر حاجی محمد یونس، علامہ معین حسین الحسینی، آئی ایس او پاراچنار کے امید طوری، آئی او کے سید حسین، تحریک حسینی کے استاد سید نبی حسین اور تحریک بیداری امت کے رہنما آغا میثم طوری نے فلسطین سمیت دنیا بھر کے مستضعفین کی حمایت کا غیر متزلزل اعلان کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ مظلوم اقوام کی آواز بننا دینی و انسانی فریضہ ہے اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے والوں سے یکجہتی ہر باضمیر انسان پر لازم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ عارف حسین واحدی کی لیاقت بلوچ سے ملاقات، جماعت اسلامی کے مرحوم رہنماؤں کے انتقال پر تعزیت
مقررین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ طوفان الاقصیٰ کے بعد برسوں سے پس منظر میں جانے والا مسئلہ فلسطین عالمی سطح پر ایک بار پھر مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور دنیا بھر کے ایوانوں و میڈیا کا موضوع بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی جدوجہد کے نتیجے میں 2024 میں اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا، جبکہ 2025 میں فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت کئی مغربی ممالک نے بھی اسے تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر شرکاء اور مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے دعویدار اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام پر جاری صیہونی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور مظلوموں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ شرکاء نے اس پختہ عزم کا بھی اظہار کیا کہ مظلومینِ جہاں کی حمایت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔







