جیکب آباد میں قیام امن اور ملی اتحاد کے لیے ایم ڈبلیو ایم متحرک، علامہ مقصود ڈومکی کی سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

07 اکتوبر, 2026 10:46

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی مشیر سید کامران علی شاہ بخاری اور علامہ سیف علی ڈومکی کے ہمراہ جیکب آباد میں امن و امان اور باہمی اتحاد و بھائی چارے کے فروغ کے لیے مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ان رہنماؤں میں جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، جماعت اہل سنت کے قاضی شہر پیر سید اعجاز علی شاہ بخاری، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ابوبکر سومرو شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں شہر کے امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان ملاقاتوں کے دوران تمام رہنماؤں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ جکھرانی برادران کے درمیان پیدا ہونے والی رنجشوں اور غلط فہمیوں کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے فوری حل کیا جائے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے زور دیا کہ نوجوان سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے سے گریز کریں جس سے بلاوجہ کشیدگی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جیکب آباد کے سادات، علمائے کرام اور معززین پر مشتمل ایک مشترکہ وفد جلد دونوں فریقین سے ملاقات کر کے باہمی احترام کے ذریعے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کرانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : دارالمودۃ حفظ اسکول مظفرآباد میں پروقار تقریب، نمایاں طالبات کے لیے زیارت کربلا کے ٹکٹ کا انعام

ملاقاتوں کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے تمام رہنماؤں کو 23 اکتوبر کو منعقد ہونے والی ‘برسیِ شہدائے جیکب آباد و عظمتِ شہداء کانفرنس’ اور ‘لبیک یا رسول اللہ ریلی’ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کانفرنس میں شہدائے جیکب آباد کے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی درندگی کا شکار ہونے والے شہدائے فلسطین و غزہ کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ جوابی طور پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ابوبکر سومرو نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو 7 اکتوبر ‘طوفان الاقصیٰ’ کی مناسبت سے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں مفکرِ اسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کو فعال کرنے اور مشترکہ قومی امور پر مشاورت کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔

11:31 صبح اکتوبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔