ڈیرہ مراد جمالی میں مسجد اور امام بارگاہ پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے، مولانا سہیل اکبر شیرازی
مولانا سہیل اکبر شیرازی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا سہیل اکبر شیرازی نے ڈیرہ مراد جمالی میں مسجد اور حسینی امام بارگاہ کربلائی پر مبینہ حملے، دیوار توڑے جانے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس مذموم واقعے کو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی مقامات کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایمان کی طاقت کے سامنے آئرن ڈوم بھی بے اثر ہیں، علامہ شبیر حسن میثمی
اپنے ایک مذمتی بیان میں مولانا سہیل اکبر شیرازی نے واضح کیا کہ مسجد اور امام بارگاہ عوام کے مذہبی عقائد اور جذبات سے وابستہ مقدس ترین مقامات ہیں، جن کا تحفظ ریاست اور ضلعی انتظامیہ کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیس اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، اور اس گھناؤنے واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کو فوری طور پر بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں مذہبی مقامات کے تحفظ اور شہریوں کے مذہبی حقوق و جذبات کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے، تاکہ علاقے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی، بدامنی یا ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو اور امن و امان کی فضا برقرار رہے۔







