بین الاقوامی اتحاد کا مشن ختم، عراقی ادارے سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہیں، حیدر العبودی
شیعیت نیوز : عراقی حکومت کے ترجمان حیدر العبودی نے کہا ہے کہ عراق میں بین الاقوامی اتحاد کا مشن مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور آج ملک کی حاکمیت کا دن ہے۔ نشریاتی ادارے الجزیرہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مشترکہ رابطہ کاری کے راستے کھلے رہیں گے، تاہم عراقی ادارے اور سکیورٹی فورسز ملک کی سکیورٹی کی مکمل ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کے قصاب کی میزبانی سے سلامتی نہیں ملے گی، محسن رضائی کا متحدہ عرب امارات کو سخت انتباہ
حیدر العبودی نے ملکی استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق اندرونی استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مسلح گروہوں کے ساتھ ان کے انضمام کے معاملے پر اتفاق ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں امور آگے بڑھ رہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ عراق خود کو خطے میں جاری تنازعات اور کشیدگی سے دور رکھے گا اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی جانب گامزن ہے۔
عراقی سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ عراقی حکومت ہمسایہ ممالک کے تعاون سے ملکی سرحدوں کو کنٹرول کرنے اور ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عراق نے حسنِ ہمسائیگی کے اصول کو اپنایا ہے اور وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کے لیے نقطۂ آغاز کے طور پر استعمال کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔







