ایران کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو خطے کا کوئی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا، محمد باقر قالیباف
قالیباف
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے عالمی استکبار اور اس کے حواریوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ایران کی سلامتی یقینی نہ ہو تو خطے میں کوئی بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا۔ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آٹھ سالہ دفاع مقدس، مقاومت کے شہداء، کمانڈروں اور سکیورٹی کے محافظوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے سید الشہداءِ مقاومت شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض ایک فوجی کمانڈر نہیں بلکہ ایک عظیم اسٹریٹجسٹ تھے، جنہوں نے خطے میں طاقت کا توازن مستضعفین اور انقلاب اسلامی کے حق میں تبدیل کیا۔ شہید نصراللہ نے حزب اللہ کو ایک ایسی طاقتور مزاحمتی قوت میں بدل دیا جس نے خطے کے سکیورٹی توازن کو ازسرنو متعین کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج مزاحمت کا یہ مضبوط ڈھانچہ شیخ نعیم قاسم کی بابصیرت قیادت میں پوری قوت کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، اور دشمن کا یہ استکباری وہم باطل ہو چکا ہے کہ کمانڈروں کو شہید کر کے مزاحمت کو روکا جا سکتا ہے۔ پاکیزہ خونِ شہداء نے مزاحمتی تحریک کو مزید زندہ اور طاقتور بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی استکبار امریکہ کو ایران کی دو ٹوک شرائط، وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قطری ثالثوں سے اہم ملاقات
محمد باقر قالیباف نے عالمی استکبار امریکہ کی جانب سے ایران پر بحری محاصرہ مسلط کرنے اور تجارتی شاہراہوں پر دباؤ ڈالنے کی سازشوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام جان لیں کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں ایران کا جواب سخت، پشیمان کن، درست اور فوری ہوگا۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جس خطے میں ہم اپنا تیل فروخت نہیں کر سکیں گے، وہاں کوئی دوسرا بھی تیل فروخت نہیں کر سکے گا۔ آخر میں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے جرات مندانہ خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تسلط پسند طاقتوں کے سامنے ایرانی قوم کی سربلند آواز کو دنیا تک پہنچایا اور ثابت کیا کہ ہم دھمکیوں کے سامنے سر جھکانے والے نہیں ہیں۔







