ایران اور نجف اشرف کے درمیان پروازیں بحال، استکباری امریکی دباؤ ناکام
شیعیت نیوز : عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (واع) نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور نجف اشرف کے درمیان فضائی پروازیں باقاعدہ طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، عراقی ایئرلائن نے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایران کے مختلف ہوائی اڈوں کے درمیان اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس سے لاکھوں عاشقانِ اہلبیتؑ اور زائرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی مسلح افواج اور مزاحمت کسی بھی استکباری دھمکی کا تباہ کن جواب دیں گے، میجر جنرل علی عبداللہی
اس سے قبل، ایران میں تعینات عراق کے سفیر یاسر عبدالزہرا الحجاج نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر ایرانی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ علی الزیدی کی سربراہی میں عراقی حکومت دونوں برادر اسلامی ہمسایہ ممالک کے درمیان فضائی سفر کی بحالی کے لیے مسلسل اور سنجیدہ کوششیں کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ نجف اشرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ عراق کے اہم ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے، جو ہر سال لاکھوں ایرانی زائرین کی میزبانی کا شرف حاصل کرتا ہے۔ گزشتہ دنوں عالمی استکبار امریکہ کی جانب سے بغداد پر ڈالے گئے دباؤ اور دیگر سازشوں کے باعث ان پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا، تاہم اب استعماری عزائم مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور زائرین کی سہولت کے لیے پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔







