ایرانی مسلح افواج اور مزاحمت کسی بھی استکباری دھمکی کا تباہ کن جواب دیں گے، میجر جنرل علی عبداللہی
میجر جنرل علی عبداللہی
شیعیت نیوز : ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج اور مزاحمتی گروہ کسی بھی استکباری اور صیہونی دھمکی کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بات حزب اللہ لبنان کے سابق سیکرٹری جنرل اور سیدِ مقاومت شہید سید حسن نصراللہ کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے ایک اہم پیغام میں کہی۔
یہ بھی پڑھیں : خلیج فارس کے جزائر پر اماراتی دعوے مسترد، ابوموسیٰ اور تنب پر ایران کی حاکمیت ناقابلِ مذاکرات ہے، اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندہ
میجر جنرل عبداللہی نے غاصب صہیونی اور امریکی دشمن کی جانب سے مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنے کی ناکام سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن خام خیالی میں تھا کہ سیدِ مقاومت کو شہید کرنے سے مزاحمت کا ستون منہدم ہو جائے گا، لیکن استکباری طاقتوں کے تمام تر اندازے ایک بار پھر خاک میں مل گئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزاحمتی محاذ نہ صرف کمزور نہیں ہوا بلکہ اس نے ایک ایسا اسٹریٹجک اتحاد حاصل کر لیا ہے، جو واضح بھی ہے اور پوشیدہ بھی۔
شہید سید حسن نصراللہ کے دکھائے ہوئے راستے کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عظیم شہید کا راستہ اور مکتب لبنان، فلسطین، یمن، عراق اور پوری دنیا کے مزاحمتی جغرافیے میں بھرپور طاقت اور مضبوطی کے ساتھ جاری ہے۔ میجر جنرل علی عبداللہی نے دشمنوں کو خبردار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج، اسلامی مزاحمت کے مجاہدین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور امتِ مسلمہ کے خلاف کسی بھی استکباری خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔







