تہران سے بیروت اور غزہ سے صنعاء تک مقاومتی محاذ ایک ہیں، آیت اللہ اعرافی کا شیخ نعیم قاسم کے نام اہم پیغام

28 ستمبر, 2026 11:12

شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ کے مدیر علامہ علی رضا اعرافی نے حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم کے نام ایک تفصیلی اور اہم پیغام جاری کیا ہے۔ سید الشہداءِ مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر جاری اس پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ دشمن نے ہمیشہ مقاومتی محاذوں کو تنہا کر کے گھٹنوں کے بل گرانے کی سازش کی، لیکن تہران سے بیروت، غزہ سے صنعاء اور آبنائے ہرمز سے باب المندب تک تمام مقاومتی محاذ ایک ہی متحد محاذ کی مختلف شکلیں ہیں۔ ان کا رشتہ نیابتی نہیں بلکہ مشترکہ ایمان اور غاصب دشمن کے خلاف ایک محکم نظریے پر استوار ہے۔

علامہ اعرافی نے کہا کہ دشمن کا گمان تھا کہ قیادت کو ختم کر کے مقاومت کا شیرازہ بکھر جائے گا، لیکن پاکیزہ خونِ شہداء نے استکباری طاقتوں کے تمام تر حساب و کتاب الٹ دیے۔ دنیا نے مقاومت کا انہدام نہیں بلکہ قیادت کی مضبوط تعمیر نو اور محاذ میں توسیع دیکھی۔ انہوں نے شیخ نعیم قاسم کی بصیرت اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مقاومت کے کٹھن ترین حالات میں پرچم سنبھالا؛ حوزاتِ علمیہ پوری طاقت کے ساتھ آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور غاصب صیہونیوں اور زوال پذیر امریکی سپر پاور کی نابودی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہید نصراللہ کا پاکیزہ خون حزب اللہ کی سربلندی کا سرچشمہ ہے، سپاہ پاسداران

مدیر حوزہ علمیہ نے اپنے پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مقتدرانہ کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری ایرانی قوم عزم و استقامت کے ساتھ رہبرِ انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے گرد متحد ہے اور مقاومت کی غیر متزلزل حمایت ایران کی ایسی مستقل اور اسٹریٹجک پالیسی ہے جسے کوئی عالمی دباؤ کمزور نہیں کر سکتا۔ آخر میں انہوں نے لبنان کے صابر و غیور عوام کی استقامت کو سراہتے ہوئے حوزاتِ علمیہ کی جانب سے شہیدِ مقاومت کی فکری میراث کے تحفظ اور ہر محاذ پر حمایت جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کی۔

12:06 شام ستمبر 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔