اسرائیلی حملہ گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم، شہید نصراللہ کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی: ایرانی وزارت خارجہ
شہید سید حسن نصراللہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے شہید سید حسن نصراللہ اور ان کے رفقاء بشمول ایرانی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عباس نیلفروشان پر غاصب اسرائیلی حملے کو ایک گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے اس کی ایک بار پھر شدید مذمت کی ہے۔ شہید نصراللہ کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ وقت گزرنے اور استکباری جرائم کے بار بار ارتکاب سے انصاف کے مطالبے اور مجرموں کو کڑی سزا دلانے کی جدوجہد میں معمولی سی بھی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران لبنان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی آزادی، علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی اتحاد کی حمایت کے اپنے اصولی مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایک مضبوط اور آزاد لبنان جو اپنے عوام اور سرزمین کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، پورے خطے میں پائیدار سلامتی اور استحکام کا اہم ترین ستون ہے۔ غاصب اسرائیلی قبضے کے خلاف تین دہائیوں پر محیط قیادت کے دوران سید حسن نصراللہ نے شجاعت، بصیرت اور قوت کی جو بے مثال تاریخ رقم کی، وہ لبنان اور خطے کے عوام کی ثقافت میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول کا ثبوت ہے، ڈاکٹر قالیباف
بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان اور دنیا بھر کے عوام اب اس حقیقت کو بخوبی سمجھ چکے ہیں کہ نسل پرستانہ اور استکباری صیہونی نظام کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے باوقار مزاحمت کا تسلسل ناگزیر ہے، کیونکہ یہ غاصب اور جنگ پسند دشمن اپنے جرائم کی کوئی حد تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی کسی وعدے کی پاسداری کرتا ہے۔
اس موقع پر ایران نے مقاومت کی راہ میں جان قربان کرنے والے دیگر عظیم شہداء جن میں لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی، عراقی کمانڈر ابو مہدی المہندس، شہید اسماعیل ہنیہ، شہید یحییٰ سنوار اور یمنی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد عبدالکریم الغماری شامل ہیں، کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ سید حسن نصراللہ 27 ستمبر 2024 کو ضاحیہ میں غاصب اسرائیل کے بنکر شکن بموں سے کیے گئے وحشیانہ فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔







