سپاہ پاسداران کی بڑی کامیابی، جدید ترین امریکی جاسوس آبدوز ‘REMUS 600’ قبضے میں لے لی
REMUS 600
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (IRGC) کی بحریہ نے ایک شاندار کارروائی کرتے ہوئے امریکہ کی جدید ترین بغیر پائلٹ جاسوس آبدوز «REMUS 600» کو قبضے میں لے کر عالمی استکبار کو سخت ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی سے لیس یہ جدید زیرِ آب ڈرون زیرِآب جاسوسی، سمندر کی تہہ کی نقشہ سازی، بارودی سرنگوں کی تلاش اور حساس معلومات جمع کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ جدید امریکی آبدوز تقریباً 600 میٹر کی گہرائی تک کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس میں انرشیل نیویگیشن، ڈی وی ایل (DVL) نظام اور صوتی نیویگیشن نصب ہے، جس کی مدد سے یہ آپریٹر کے ساتھ مستقل رابطے کے بغیر بھی اپنے مشن مکمل خود مختاری سے انجام دے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سائیڈ اسکین سونار اور درست ماحولیاتی و ڈیٹا ریکارڈنگ سینسرز اس کی اہم صلاحیتوں میں شمار ہوتے ہیں، جو اب ایرانی ماہرین کے قبضے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خطے میں بدامنی کے اصل ذمہ دار امریکہ اور غاصب اسرائیل ہیں، ایرانی صدر
اس اہم ترین قبضے کی اہمیت محض ایک نظام یا ڈرون تک محدود نہیں ہے۔ سپاہ پاسداران کے ہاتھ لگنے والی اس مشین کی مشن میموری، ریکارڈ شدہ راستوں، سونار ڈیٹا، نیویگیشن کی ترتیبات اور سافٹ ویئر کی تشکیل سے آبنائے ہرمز میں امریکی استکبار کی بغیر پائلٹ جاسوسی سرگرمیوں کا مکمل کچا چٹھا کھل کر سامنے آ جائے گا۔ اس کامیابی سے امریکی حکمتِ عملی اور معلومات جمع کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں ناقابلِ تسخیر مدد ملے گی، جو ایران کے لیے ایک زبردست تزویراتی فتح ہے۔







