خطے میں بدامنی کے اصل ذمہ دار امریکہ اور غاصب اسرائیل ہیں، ایرانی صدر
ایرانی صدر
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے کامیاب دورے کے اختتام پر واضح کیا ہے کہ خطے میں بدامنی اور عدم استحکام کے اصل ذمہ دار امریکہ اور غاصب اسرائیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار اور صیہونی حکومت خود دنیا بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں، مگر ڈھٹائی کے ساتھ دوسروں پر دہشت گردی کا الزام لگاتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے اپنے دورہ نیویارک کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، یورپی کونسل کے صدر اور مختلف ممالک کے سربراہان سمیت امریکی میڈیا اور دانشوروں سے ہونے والی اہم ملاقاتوں کا احوال بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر ایرانی عوام کی مظلومیت اور امریکی و صیہونی جرائم کو بے نقاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات سے خائف نہیں، لیکن امریکہ اور اس کے حواری کسی بھی تحریری یا زبانی معاہدے کے پابند نہیں اور بین الاقوامی قوانین کی سب سے زیادہ خلاف ورزی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور اسرائیل کی ایران کیخلاف جنگ نے خطے کا نقشہ بدل دیا، سعودی رجیم کے لیے سنگین خطرات، برطانوی محقق
ایرانی صدر نے امت مسلمہ کو بیدار ہونے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو استکباری سازشوں کو سمجھنا چاہیے اور متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران صرف بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں اپنے جائز اور منطقی حقوق کا مطالبہ کر رہا ہے اور کسی بھی صورت استکباری طاقتوں کے ناجائز مطالبات کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔







