دشمن جدید ٹیکنالوجی اور ہائبرڈ جنگ کے باوجود بری طرح ناکام رہا، ایرانی جنرل
جنرل طلائی نیک
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان جنرل طلائی نیک نے کہا ہے کہ دشمن نے حالیہ جنگوں میں جدید ٹیکنالوجی اور ہائبرڈ جنگ کے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے، لیکن وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے کسی بھی اہم تزویراتی مقصد میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ صوبہ البرز کے علما اور سیاسی رہنماؤں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ اور حالیہ جنگوں کے درمیان فرق کو واضح کیا اور کہا کہ دشمن کا ہمیشہ سے مشترکہ ہدف اسلامی نظام کا خاتمہ، ایران کی تقسیم اور انقلاب کو محدود کرنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگوں میں دشمن نے ان مقاصد کے علاوہ ایران کی پرامن جوہری صلاحیت، بے مثال میزائل طاقت اور علاقائی و بحری اثر و رسوخ کو کمزور کرنے کی مذموم کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانا پڑی۔ دشمن نے عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے اور معاشی جنگ پر انحصار کیا مگر وہ ایمان، بابصیرت قیادت، مسلح افواج کے جہادی جذبے اور عوامی مزاحمت کی طاقت کا درست اندازہ لگانے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
یہ بھی پڑھیں : زائرین کی مشکلات اور شدید عوامی دباؤ؛ عراق کی ایرانی پروازوں پر امریکی پابندی ہٹانے کے لیے بات چیت
وزارت دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ آٹھ سالہ جنگ زمینی نوعیت کی تھی، جبکہ حالیہ جنگوں میں دشمن نے ٹیکنالوجی، اقتصادی، میڈیا اور شناختی محاذوں کو بھی جنگ کا حصہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افواج کی تزویراتی صلاحیتیں اور دفاعی تنصیبات گزشتہ برسوں کے دوران محفوظ مقامات اور زیر زمین منتقل کی جا چکی ہیں، جس کے باعث ایران کی دفاعی طاقت اور ہتھیاروں کی پیداوار کے حوالے سے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے ہیں۔







