پشاور میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد جہنم واصل
سی ٹی ڈی آپریشن
شیعیت نیوز : پشاور کے علاقے گڑھی شیرداد، ورسک روڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل شہید اور دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سی ٹی ڈی کی اس انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل آفاق نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا اور علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف مشن کے دوران 8 امریکی بحری اہلکاروں کی خودکشی کی کوشش
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل آفاق کی یہ عظیم قربانی ریاست کے اس غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے کہ شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ پرامن معاشرے میں کالعدم لشکر جھنگوی جیسی پرتشدد اور انتہا پسند تنظیموں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور پولیس دہشت گردی کے ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اسے بے اثر کرنے کے لیے اپنا مشن مزید چوکسی اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔







