مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کے چھاپے اور گرفتاریاں، جنوبی لبنان پر بھی بمباری
مقبوضہ مغربی کنارہ
شیعیت نیوز : فلسطینی ذرائع کے مطابق قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ قلقیلیہ شہر، حبلہ اور عزون قصبوں پر دھاوا بولا گیا، جہاں فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ فادی یوسف اور خالد محمود نزال سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس دوران قابض فوج نے بلڈوزر کی مدد سے اراضی کو بھی منہدم کیا۔
دوسری جانب طوباس اور تمون میں بھی فوجی کمک کے ساتھ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئیں۔ نابلس میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے ایک نئی چوکی قائم کرنے، سڑکیں بند کرنے اور مکینوں کی بجلی منقطع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ علاوہ ازیں، جنین کے قصبوں السیلات الحارثیہ اور کفر قود، الخلیل کے الظاہریہ اور مسافر یطا، رام اللہ کے المغیر اور بیت لحم کے بیت فجار میں بھی گھروں پر دھاوے بولے گئے اور سڑکیں بند کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : کینیڈین وزیراعظم کا امریکی جارحیت کا جواز پیش کرنا منافقت ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
فلسطین کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی اسرائیلی جارحیت کا تسلسل جاری ہے۔ لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقوں المنصوری، زوطر الشرقیہ اور وادی سلوقی پر توپ خانے سے بمباری کی۔ مزید برآں، قابض فوج کی جانب سے برعشیت، بیت یاحون اور الخیام کے علاقوں میں بھی فائرنگ اور فوجی کارروائیاں کی گئی ہیں۔







