سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا عراقی سفارت خانے کا دورہ، زائرین اور طلبہ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو
علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : قائد حزبِ اختلاف سینیٹ آف پاکستان اور سربراہ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں جمہوریہ عراق کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عراقی قائم مقام ناظم الامور محترم خالد کریم محمد زنگنہ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی اور ڈاکٹر علامہ اشفاق حسینی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور عراق کے برادرانہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے مختلف امور، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بالخصوص عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے جانے والے پاکستانی زائرین اور طلبہ کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی پروازوں کی عراق آمد روکنا مسلمانوں کے محاصرے میں شرکت ہے، شیخ ناظم السعیدی
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور عراق کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی زائرین اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔







