ایرانی پروازوں کی عراق آمد روکنا مسلمانوں کے محاصرے میں شرکت ہے، شیخ ناظم السعیدی

24 ستمبر, 2026 14:43

شیعیت نیوز : تحریک نُجَباء عراق کی مجلسِ عاملہ کے سربراہ شیخ ناظم السعیدی نے ایرانی پروازوں کی عراق آمد روکنے کے امریکی فیصلے میں عراقی حکومت کی مبینہ حمایت پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسلمانوں پر عائد محاصرے میں شرکت قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ امام علیؑ کے پیروکاروں پر عائد کیے جانے والے اس ظالمانہ محاصرے اور مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کو روکنے کے لیے ہوائی اڈوں پر جاری ہدایات کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔

شیخ ناظم السعیدی نے کہا کہ دشمن امریکہ اور صہیونی حکومت کے مطالبات کو قبول کرنا اور ان کے احکامات پر عمل کرنا، عراق کی سیاسی خودمختاری اور آزاد فیصلوں کے دعوے سے مکمل طور پر متصادم ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عراق ایک ایسی تابع ریاست بن چکا ہے جو سیاسی اور اقتصادی مطالبات بغیر کسی شرط کے قبول کرتا ہے؟ انہوں نے دینی اداروں، قبائلی عمائدین اور حسینی موکبوں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ مسلم اقوام پر مسلط کیے گئے اس محاصرے کے خلاف متحد ہوکر آواز بلند کریں۔

یہ بھی پڑھیں : جامعہ المصطفیٰ کراچی میں لائبریری مینجمنٹ اور جدید کتاب داری پر چھ روزہ ورکشاپ کا انعقاد

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے محاصرے میں شرکت ایک بڑی غلطی ہے، جس کے نتائج کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے امام رضاؑ کی حدیث کا حوالہ دیا کہ اہل بیتؑ سے محبت کا دعویٰ کرنے والوں میں بعض افراد ایسے بھی ہیں جن کی فتنہ انگیزی شیعوں کے لیے دجال سے زیادہ سخت ہے، اور اس کی وجہ دشمنانِ اہل بیتؑ سے دوستی اور ان کے دوستوں سے دشمنی ہے۔

2:59 شام ستمبر 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔