کراچی: راہِ عمل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے ’کیپیسٹی بلڈنگ سرکل‘ کا انعقاد
راہِ عمل فاؤنڈیشن
شیعیت نیوز : راہِ عمل فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام معاشرے میں بڑھتے ہوئے ذہنی اضطراب اور دیگر سماجی و خاندانی مسائل کے پیشِ نظر امام خمینیؒ کمپلیکس، گلستانِ جوہر کراچی میں خواتین کے لیے ’کیپیسٹی بلڈنگ سرکل‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست کا مقصد مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز پر شرکاء کو رہنمائی فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کی الٰہی خطوط پر نشوونما کرنا تھا۔
اس پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ ماہر کاؤنسلرز نے مکمل رازداری کے ساتھ شرکاء کو انفرادی کاؤنسلنگ فراہم کی۔ نشست کو قرآنی آیات اور امام رضا علیہ السلام کی کمالِ عقل سے متعلق احادیث کی روشنی میں ترتیب دیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایک پائلٹ اسٹڈی کے لیے سوال نامے بھی پُر کرائے گئے اور خواتین کے مطالعے کے لیے ایک کتاب خانہ بھی قائم کیا گیا جس نے ماحول کو مزید علمی بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : الفجر انسٹیٹیوٹ میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کلاسز کا آغاز، پروقار وائٹ کوٹ تقریب کا انعقاد
پروگرام کے اختتام پر مجموعی کاؤنسلنگ سیشن بھی منعقد ہوا جس میں شرکاء کو ماہرین سے بھرپور گفتگو کا موقع ملا۔ پینل میں پروفیسر ڈاکٹر سدرہ عابد، ڈاکٹر شاہین عباس، ڈاکٹر زرین صادق، ڈاکٹر عنبر فاطمہ عابدی، ڈاکٹر سیدہ سارہ نوازش، سبین فاطمہ اور کلینیکل سائیکالوجسٹ سیدہ عیشہ راضیہ نقوی شامل تھیں۔ شرکاء نے قدرتی اور پُرسکون ماحول میں منعقدہ اس غیر روایتی پروگرام کو بے حد سراہا اور اسے دیگر علاقوں میں بھی منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔







