بلتستان کا امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آغا سید باقر الحسینی

21 ستمبر, 2026 16:25

شیعیت نیوز : صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان پاکستان آغا سید باقر الحسینی نے بلتستان امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کسی ایک فرد، ادارے یا طبقے کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے کردار، گفتگو اور عملی رویوں کے ذریعے معاشرے میں امن، رواداری، باہمی احترام اور اخوت کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے قدردان فاؤنڈیشن اور ضلعی انتظامیہ سکردو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی حقیقی عزت دولت یا منصب سے نہیں بلکہ علم اور اخلاق سے ہوتی ہے۔ ماضی کے مشکل حالات، بالخصوص سانحہ 1988ء اور 2012ء کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بلتستان کے علماء اور باشعور عوام نے ہمیشہ حالات کو خراب ہونے سے روکا اور اختلافات کو علم و حکمت اور تحمل سے حل کرنے کی ترغیب دی۔

یہ بھی پڑھیں : امام حسن عسکریؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر دورِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، علامہ ساجد نقوی

آغا سید باقر الحسینی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے کا مستقبل ہیں، انہیں اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں، کھیلوں اور تعمیری کاموں میں صرف کرنی چاہئیں۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی خبر یا پیغام کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی تصدیق کر لی جائے تاکہ معاشرے میں بلاوجہ نفرت، بداعتمادی یا انتشار پیدا نہ ہو۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ترجیحات میں ’’خدمت، نہ کہ مفاد‘‘ کو اصول بنانا چاہیے اور گفتگو میں شائستگی کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات، علماء، نوجوانوں، صحافیوں اور سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ بلتستان کے امن، اتحاد اور رواداری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مستحکم اور پرامن معاشرہ دیا جا سکے۔

5:03 شام ستمبر 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔