امام حسن عسکریؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر دورِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، علامہ ساجد نقوی

21 ستمبر, 2026 16:23

شیعیت نیوز : علامہ ساجد نقوی نے 8 ربیع الثانی امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے ہر قسم کے دباؤ اور حکمرانوں کی سخت نگرانی کے باوجود دین اسلام کی حفاظت اور اسلام مخالف نظریات کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے اقدامات انجام دیے اور اسلام مخالف اقدامات کو بے اثر کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حالات کی ناسازگاری اور کڑی پابندیوں کے باعث آپؑ معاشرے میں اپنے وسیع علم کو فروغ نہیں دے سکتے تھے، تاہم ان تمام پابندیوں کے باوجود آپؑ نے ایسے شاگردوں کی تربیت فرمائی جن میں سے ہر ایک نے معارفِ اسلام کی اشاعت اور معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کیا۔ ان جلیل القدر شاگردوں میں احمد بن اسحاق قمی، عثمان بن سعید اور علی بن جعفر شامل ہیں۔ جب بھی مسائل پیش آتے تو آپؑ اپنے علمِ امامت اور حیرت انگیز تدبیر کے ذریعے سخت ترین مشکلات کو حل فرما دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : فقیہ اہل بیت(ع)، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی انتقال کر گئے

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جب انسانی معاشروں میں ناانصافی، بے عدلی اور برائیوں کا رواج ہوتا ہے تو لوگ ایک ایسے مسیحا کے منتظر ہوتے ہیں جو انہیں مشکلات سے نکالے۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کی عظمت و بزرگی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پوری کائنات جس مسیحا کی منتظر ہے، وہ انہی کے فرزند صالح حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں دنیائے انسانیت اور بالخصوص عالم اسلام کو جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے، ان حالات میں انسانوں کو ہدایت اور پیشوائی کی ضرورت ہے جو حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی سیرت کا مطالعہ کر کے حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم آپؑ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، حقیقی اسلامی و جمہوری نظام رائج کریں اور عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں۔

5:03 شام ستمبر 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔