سید امین شیرازی آئی ایس او پاکستان کا دوبارہ مرکزی صدر منتخب
سید امین شیرازی
شیعیت نیوز : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) پاکستان کے نو منتخب مرکزی صدر برادر سید امین شیرازی کو دوبارہ مرکزی ذمہ داری سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
کہا گیا ہے کہ یہ ذمہ داری محض ایک تنظیم کی قیادت نہیں بلکہ نوجوان نسل کی فکری، نظریاتی اور اخلاقی تربیت کی ایک اہم امانت ہے۔ امید ظاہر کی گئی ہے کہ برادر سید امین شیرازی اپنی صلاحیتوں، اخلاص اور عزم کے ساتھ نوجوانوں میں شعور و بیداری، انقلابی فکر اور نظامِ ولایتِ فقیہ سے گہری وابستگی پیدا کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا اور اتحادیوں کو ایران پر جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا، خاتم الانبیاء فوجی کمانڈ
اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس سفر میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ تنظیم مقصد نہ بنے بلکہ مقصد کے حصول کا ذریعہ رہے۔ تنظیمی وابستگی اپنی جگہ قابلِ احترام ہے، لیکن اسے کبھی بھی اخوت، محبت اور اتحادِ بین المؤمنین پر غالب نہیں آنا چاہیے۔ نوجوانوں کو تنظیمی تعصب اور گروہی وابستگی سے بالاتر ہو کر دین، مکتب، وحدت اور اجتماعی مفاد کو ترجیح دینے کی تربیت دی جائے۔
امید کی گئی ہے کہ نئی قیادت اتحادِ بین المؤمنین کے فروغ کے لیے مخلصانہ اور عملی کوششیں کرے گی، اختلافات کو فاصلے بڑھانے کے بجائے باہمی فہم و اخوت کا ذریعہ بنائے گی اور معاشرے کے تمام اہلِ ایمان کو ایک مضبوط اور مربوط قوت بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ برادر سید امین شیرازی کو اس اہم ذمہ داری کو اخلاص، بصیرت، استقامت اور حکمت کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔






