علیمہ خان کی گرفتاری غیر آئینی، حکومت مارچ سے ڈر گئی ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ علیمہ خان کی گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت 27 ستمبر کے مارچ سے ڈر گئی ہے اور گھبراہٹ کا شکار ہو کر گرفتاریاں کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ بہنوں اور عمران خان کی جبر کے خلاف مزاحمت اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد عوام کو حوصلہ دیتی ہے اور ہم اس گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے علیمہ خان کی گرفتاری کو غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ علیمہ خان کسی احتجاج کی قیادت نہیں کر رہی تھیں بلکہ اپنے ذاتی کام سے نکلی تھیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایک بزرگ خاتون کو ملک کے امن و امان کے لیے خطرہ قرار دینا حکومت کی شدید بوکھلاہٹ اور کم ظرفی کی علامت ہے، اور پاکستان کا بچہ بچہ اس اقدام کی مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ پر حملے کا دعویٰ بے بنیاد، پاکستانی عوام نے سعودی پروپیگنڈہ مسترد کر دیا
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے خبردار کیا کہ فاشسٹ طرز کے ایسے ہتھکنڈوں سے 23 ستمبر کا مارچ نہیں رکے گا اور ان اقدامات کے نتیجے میں عوام کی ہمدردیاں بڑھیں گی اور مزید لوگ باہر نکلیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علیمہ خان کو فوری رہا کیا جائے۔ اس موقع پر نورین نیازی نے کہا کہ ہم عوام اور اپنے بھائی کے لیے کوشاں ہیں، ایسی گرفتاریاں ہمارا حوصلہ نہیں توڑ سکتیں، ہم اس سے مزید مضبوط ہوتے ہیں اور اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔







