اسلامک انسٹیٹیوٹ پاراچنار کے نئے مرکز کا افتتاح، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا نیا مرحلہ
اسلامک انسٹیٹیوٹ
شیعیت نیوز : گزشتہ پانچ سالوں سے مولانا اخلاق حسین شریعتی کی زیرِ نگرانی علمی و فکری سرگرمیوں میں مصروف اسلامک انسٹیٹیوٹ پاراچنار کے نئے مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ بروز جمعہ منعقدہ اس پروقار افتتاحی تقریب میں علماء کرام، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گزشتہ عرصے میں مکان کی تبدیلی کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے ازالے کے لیے اس نئے مرکز کا باقاعدہ انتظام کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے طلبہ، علماء اور محققین کے لیے تعلیمی کلاسز، علمی مکالموں اور تحقیقی سرگرمیوں کو مزید بہتر اور منظم انداز میں جاری رکھنا آسان ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : یمن میں بیرونی مداخلت کے خلاف عوام کی جائز مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں، علامہ باقر زیدی
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اخلاق حسین شریعتی نے کہا کہ اسلامک انسٹیٹیوٹ کا علمی و تحقیقی سفر ان شاء اللہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں کو علمی و تربیتی کلاسز میں شرکت کے لیے بھیجیں تاکہ نئی نسل علم، تحقیق اور مثبت فکری تربیت سے مستفید ہو سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی ضامن حسین نے کہا کہ موجودہ دور میں ایسے علمی مراکز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو فکری تربیت کے مواقع فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس نئے مرکز کے قیام سے علاقے کے علمی ماحول کو مزید تقویت ملنے کی قوی امید ہے۔







