دنیائے کفر مسلمانوں میں تفرقہ ڈال کر اسلحہ فروخت کرنا چاہتی ہے، ایرانی اہلسنت عالم دین
مولوی فائق رستمی
شیعیت نیوز : صوبہ کردستان کے شہر سنندج کے اہل سنت امام جمعہ مولوی فائق رستمی نے خطبہ جمعہ میں خطے کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیائے کفر مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کر کے خطے میں اسلحہ فروخت کرنے کی منڈی گرم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ انہیں ایک دوسرے کے خلاف لڑنے پر اکسایا جا سکے۔
انہوں نے امریکی منافقت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ انسانی حقوق اور آزادیِ اظہار کا دعویٰ کرتا ہے، لیکن حال ہی میں اس نے غاصب اسرائیلی حکومت کو ایک ٹن وزنی 40 ہزار بم فراہم کیے ہیں تاکہ غزہ، لبنان اور دیگر اسلامی ممالک کے عوام کا کھلم کھلا قتلِ عام کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں پاک ایران ثقافتی تعاون کا آغاز، خانہ فرہنگ اور کریٹیو آرٹ ایسوسی ایشن کی مشترکہ تقریب
امام جمعہ سنندج نے ایرانی عوام کی میدان میں 201 روزہ مسلسل موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ تک عوام کی یہ استقامت دنیا والوں کے لیے مزاحمت کا واضح پیغام ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ایسے باشعور عوام کی قدر کرے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔
انہوں نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو نظامِ تعلیم کی بنیادیں مضبوط کرنی چاہئیں، کیونکہ ملک کی ترقی و پیش رفت کا دارومدار علم و دانش پر توجہ اور اس شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری سے وابستہ ہے۔







