پشاور میں پاک ایران ثقافتی تعاون کا آغاز، خانہ فرہنگ اور کریٹیو آرٹ ایسوسی ایشن کی مشترکہ تقریب

19 ستمبر, 2026 11:55

شیعیت نیوز : تہذیبوں کے سنگم اور گندھارا کی عظیم تہذیبی میراث کے امین شہر پشاور میں خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور کریٹیو آرٹ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے درمیان ثقافتی، ادبی، سیاحتی اور فنکارانہ تعاون کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں خیبر پختونخوا کے ثقافتی، فنکارانہ اور سیاحتی شعبوں سے وابستہ اعلیٰ حکام اور ادبی و ثقافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس تقریب کا بنیادی مقصد تہذیبِ گندھارا اور فارسی تہذیب کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی و ثقافتی روابط کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔ تقریب میں ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ڈاکٹر حسین چاقمی، ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم خیبر پختونخوا شاہد خان مہمند، ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم محمد علی سید اور چیئرمین کریٹیو آرٹ ایسوسی ایشن سجاد علی اورکزئی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہید جاوید حیدر شاہ کی برسی: شہداء کی یاد قربانیوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ ہے، علامہ شبیر حسن میثمی

تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور خیبر پختونخوا کے ثقافتی و فنکارانہ اداروں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس اشتراک کے تحت ادب، موسیقی، مصوری، فنونِ لطیفہ، سینما اور ثقافتی ورثے کے شعبوں میں مشترکہ سرگرمیوں کے انعقاد کی گنجائش پیدا ہوتی ہے، جس سے گندھارا اور فارسی تہذیبی میراث کے باہمی تعارف کے ذریعے دونوں خطوں کے درمیان بامعنی ثقافتی مکالمے کو فروغ ملے گا۔

محکمہ ثقافت و سیاحت خیبر پختونخوا کے اعلیٰ حکام کی شرکت اس امر کی عکاس تھی کہ ثقافتی و فنکارانہ تعاون کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی سطح پر کاوشیں جاری ہیں۔ تقریب کے اختتامی مرحلے میں حاضرین کے لیے اردو زبان میں ایرانی فلم "ملک سلیمان” کی خصوصی نمائش کی گئی، جس نے پاکستانی شائقین کو ایرانی سینما اور اس کے فکری و تہذیبی مضامین سے براہِ راست آشنائی کا بہترین موقع فراہم کیا۔

12:55 شام ستمبر 19, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔