امریکی پروپیگنڈہ فرسودہ ہے، اسماعیل بقائی
شیعیت نیوز : ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایرانی عوام کی اقتصادی صورتحال اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ایرانی نمائندوں کی امریکی اسٹورز سے فرضی خریداری روکنے کے امریکی دعوے پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں لکھا ہے کہ واشنگٹن کے حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ قومیں حافظے اور تجزیاتی شعور سے مکمل طور پر محروم ہیں۔
ترجمان نے امریکی رویے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کو ’Pluribus‘ نامی سیریل کی طرح سمجھتے ہیں جہاں سب کو اپنا ذہن بند کرکے واشنگٹن کی گھڑی ہوئی کہانی کو من و عن تسلیم کر لینا چاہیے۔ ایک جانب وہ بے رحم اقتصادی جنگ کے ذریعے ہر ایرانی شہری کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور دوسری جانب نیویارک کے ہول سیل اسٹور سے خریداری روکنے کا پرشکوہ اور فرضی مظاہرہ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دفاع کے لیے کافی اختیارات اور مضبوط عزم موجود ہے، ایرانی جوہری توانائی کے ترجمان
اسماعیل بقائی نے امریکی منافقت کو بے نقاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امریکی حکام دراصل ایک پوری قوم کی زندگی پر پابندی عائد کرنے کا جشن مناتے ہیں اور محض ایک ’’اسٹور کارڈ پر پابندی‘‘ کے لیے باقاعدہ بیانات جاری کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں واضح کیا کہ یہ امریکی پروپیگنڈہ اس قدر سادہ لوح اور فرسودہ ہے کہ اس سے بآسانی سمجھا جا سکتا ہے کہ کس قسم کی سوچ نے ایرانی قوم کے خلاف غیر قانونی جنگ شروع کی۔ اسی سطحی سوچ نے آج امریکہ کو اس شرمناک دلدل میں پہنچا دیا ہے جس میں وہ بری طرح پھنسا ہوا ہے۔







