دفاع کے لیے کافی اختیارات اور مضبوط عزم موجود ہے، ایرانی جوہری توانائی کے ترجمان
بہروز کمالوندی
شیعیت نیوز : ایرانی جوہری توانائی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تہران کے پاس اپنے دفاع کے لیے کافی اختیارات موجود ہیں، لیکن ان اختیارات سے بڑھ کر ملک کے دفاع کے لیے ایک مضبوط عزم و ارادہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن جتنا بھی دباؤ ڈال لیں، ہم اس صورتحال پر مکمل قابو پا لیں گے۔
چین کے سی جی ٹی این نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کمالوندی نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کی تعداد میں اضافے سے متعلق امریکی دعوؤں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آبنائے ہرمز میں صرف چند ایک بحری جہاز آمدورفت کر رہے ہیں، جبکہ امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی جارحیت سے قبل یومیہ 100 سے زائد مال بردار جہاز گزرتے تھے جو رائٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق اب نمایاں کم ہو کر روزانہ 14 سے بھی کم رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صنعا میں سعودی رجیم کی داعشی نوعیت کی مجرمانہ کارروائیاں ناکام بنا دی گئیں، جنرل یحییٰ سریع
بہروز کمالوندی نے ویزا تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میزبان ملک کی حیثیت سے آسٹریا نے دو ہفتے قبل ویزے جاری کیے تھے، لیکن اچانک امریکی دباؤ کے تحت انہیں منسوخ کر دیا۔ اس اقدام کے باعث ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی اور ان کے اعلیٰ عہدیدار بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے۔
ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اقدام درست نہیں ہے اور یہ معاملہ صرف ایران سے متعلق نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے، جس کے خلاف ہر شخص اور ہر ملک کو باقاعدہ ردعمل ظاہر کرنا چاہیے۔







