خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 10 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 6 جوان شہید
پاک فوج
شیعیت نیوز : خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائیوں اور جھڑپوں کے نتیجے میں 10 خوارج ہلاک ہو گئے، جبکہ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 15 سے 17 ستمبر کے دوران شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ ضلع ہنگو میں کی گئی ایک اور کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : توہین امام زمانہ (عج) کے مرتکب ملعون حرامزادے کی گرفتاری، سرجانی ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا۔ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم اور مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ، امن اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔







