ایران پر امریکی جارحیت اسلام پر حملہ ہے، پاکستان یمن جنگ کا حصہ نہ بنے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں ’بیاد شہدائے آزادی فلسطین‘ کے عنوان سے یکجہتی فلسطین کانفرنس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، دانشوروں، سیاسی شخصیات اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر و چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی و پی پی پی رہنما انتھونی نوید نے بطور مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایران پر امریکی جارحیت دراصل اسلام پر جارحیت ہے، امریکہ کو فوری طور پر یہ جارحیت بند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر آزادی کا راستہ ہموار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو یمن کے خلاف کسی بھی عرب ملک کی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے، مسلمانوں کا اتحاد ہی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے، مگر افسوس کہ بعض مسلم ممالک اسرائیل سے تعلقات استوار کر کے اس اتحاد کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ سے محاذ آرائی کا خوف، اسرائیلی فوج کا سیاسی حکام کو پیشگی حملے سے گریز کا مشورہ
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے کیونکہ فلسطین میں مسیحی عوام کو بھی صیہونی جارحیت کا سامنا ہے۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای، یحییٰ سنوار اور سید حسن نصر اللہ کو آزادی فلسطین کے شہداء قرار دیا اور ایران پر امریکی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد امریکہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے، جبکہ یمن کے عوام کو باغی کہنا درست نہیں۔ جامعۃ الازہر مصر کے نمائندے صاحبزادہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے عوام سے فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کی اپیل کی۔ ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطین کو انسانیت کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیا، جبکہ سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان نے امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ پر زور دیا۔
کانفرنس سے شیعہ علماء کونسل کے علامہ اسد اقبال زیدی، مرکزی ملی مسلم لیگ کے ندیم اعوان، مسلم لیگ (ف) کے انور عظیم، اے این پی کے رحمان بابر، پی اے ٹی کے راؤ کامران، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید ارشد حسین شاہ، علامہ نثار قلندری اور مسلم پرویز نے بھی خطاب کیا۔ تمام مقررین نے متفقہ طور پر ’نداء الاقصیٰ‘ مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی اپیل پر 2 اکتوبر کو ملک بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔







