امریکی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، ایرانی صدر
ایرانی صدر
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت انسانی حقوق اور انسانیت کے جھوٹے دعویدار ہیں جو اپنے پاس موجود وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے بچوں، بے گناہ لوگوں اور بالخصوص ہمارے رہنماؤں کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بہتر ہے کہ ہم انصاف اور انسانیت کا مظاہرہ کریں اور اگر دین نہیں ہے تو کم از کم آزاد انسان بن کر رہو۔
گزشتہ روز وزارتِ تعاون، محنت و سماجی بہبود میں ریٹائرڈ افراد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے اتحاد و یکجہتی کو امریکی دھونس کے خلاف مزاحمت کی کلید قرار دیا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر ملک میں باہمی ہم آہنگی موجود ہو اور ہم اتحاد برقرار رکھ سکیں تو ہم کبھی امریکہ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ معاشی مشکلات اور پابندیاں مسلط کر کے ملک میں سماجی انتشار اور اختلافات پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ایران کا رشتہ جغرافیہ سے بالا تر، ایمان اور تاریخ میں جڑا ہے، تہران میں پاکستانی سفیر
صدر مسعود پزشکیان نے غزہ کی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دیا جو جسے چاہتی ہے قتل کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بھوک، پیاس اور محاصرے کا شکار بے گناہ عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ قاتل انہی مظلوموں کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔
ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے ملکی سطح پر ہر قسم کے امتیازی رویے سے گریز کرنے پر زور دیا اور واضح کیا کہ اس سرزمین پر رہنے والا ہر ایرانی، قومیت، جنس، دین یا مذہب سے قطع نظر، قابلِ احترام ہے اور اسے ملک کی سہولیات سے مستفید ہونے کا مساوی حق حاصل ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے حکومتی امدادی پروگراموں کے حوالے سے خوشخبری دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سبسڈی کی رقم میں لازمی اضافہ کیا جائے گا اور ریٹائرڈ افراد کی صحت، علاج اور دیگر معاشی مسائل کے حل کے لیے جلد مؤثر اور بڑے فیصلے کیے جائیں گے۔







