عقیدتی و اخلاقی تربیت کے بغیر تنظیم مقاصد حاصل نہیں کر سکتی، علامہ عارف حسین واحدی

15 ستمبر, 2026 19:18

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام ’’تجدیدِ عہدِ وفا‘‘ کے عنوان سے ایک اہم تنظیمی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں ضلع بھر سے تنظیمی کارکنان، عہدیداران اور علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی، جبکہ علامہ عارف واحدی نے مختلف رہنماؤں اور کارکنان سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔

کانفرنس سے شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی اور نائب صدر مولانا عمران حیدری نے بھی خطاب کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے اختتامی خطاب میں اس شاندار کانفرنس کے انعقاد پر ضلعی اور صوبائی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونٹ کی سطح سے لے کر مرکز تک کارکنان کی فکری، عقیدتی، اخلاقی، سیاسی اور تنظیمی تربیت کے لیے باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شام میں داعشی تکفیری جولانی کے خلاف شدید احتجاج، بشار الاسد کی تصاویر اٹھا لی گئیں

مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ کارکنان کسی بھی نظریاتی تنظیم کا سرمایہ ہوتے ہیں، لیکن اگر ان کی مناسب عقیدتی اور اخلاقی تربیت نہ ہو تو کوئی بھی تنظیم اپنے مقاصد کو مؤثر انداز میں حاصل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے تنظیمی معاملات میں اختلافِ رائے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مثبت اور دستوری تنقید کو ہمیشہ خندہ پیشانی سے قبول کرنا چاہیے۔ اختلافِ رائے ایک فطری امر ہے لیکن اگر یہ انا پرستی، ضد، کینہ اور دھڑے بندی کی شکل اختیار کر لے تو یہ تنظیم کے لیے زہرِ قاتل بن جاتا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو تلقین کی کہ اختلافات کو ضد بنانے کے بجائے یونٹ، تحصیل، صوبائی اور مرکزی سطح کے مقررہ فورمز پر حل کیا جائے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے واضح کیا کہ الٰہی اور نظریاتی اہداف کے لیے کام کرنا ایک عبادت ہے اور عہدیداران کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ کارکنان کے تحفظات دور کریں۔ انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں علامہ سید ساجد علی نقوی کی صورت میں ایک مدبر، با بصیرت اور دوراندیش قیادت عطا فرمائی ہے۔ ہمیں اپنی اس قابل فخر قیادت کے بازو مضبوط کرنے اور قومی پلیٹ فارم کو مزید مستحکم بنانے کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آخر میں انہوں نے تنظیمی صفوں اور ملک بھر میں مکاتبِ فکر کے درمیان محبت، اخوت اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

8:01 شام ستمبر 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔