مدارس کے نظام کو ملکی ضروریات کے مطابق مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
شیعیت نیوز, پاکستان کی خبریں, وفاق المدارس الشیعہ, آیت اللہ حافظ ریاض نجفی, شیعہ مدارس, قرآن مجید, علماء کرام, دینی تعلیم
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مدارس کے نظام کو ملکی حالات اور ضروریات کے مطابق مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات وفاق المدارس الشیعہ کی کابینہ اور علاقائی نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے قرآنِ مجید سے تمسک کی اہمیت اجاگر کی اور علماء و طلبہ کے لیے بزرگ پاکستانی علماء مولانا محمد یار شاہ نجفی، مولانا صفدر حسین نجفی اور مولانا محسن علی نجفی کی تدریس، اخلاص اور پابندیِ وقت کو بہترین نمونہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : آلِ خلیفہ حکومت کا دین مخالف راستہ ملکی وجود کے لیے شدید خطرہ ہے، علمائے بحرین کا انتباہ
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے علاقائی نمائندگان پر زور دیا کہ وہ مدارس کا مکمل دورہ کریں اور ہر مدرسے میں کم از کم تین سے چار گھنٹے قیام کریں تاکہ اساتذہ اور طلبہ کے مسائل اور ضروریات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان میں شیعہ مدارس کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 1932ء میں باب العلوم ملتان سے شروع ہونے والا دینی تعلیم کا یہ سفر آج 700 سے زائد مدارس تک پہنچ چکا ہے، جہاں اس وقت تقریباً 24 ہزار طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے مجلسِ نظارتِ مدارسِ عربیہ کے قیام، ماضی میں شروع ہونے والے مشترکہ نصاب اور وفاق کے سابق جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری کی طویل خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کو نمازِ باجماعت، تدریس اور کھانے کے اوقات میں وقت کی پابندی کی سختی سے تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر طالب علم کو نماز اور ترجمہ پڑھایا جائے اور روزانہ کم از کم قرآن مجید کے ایک پارے کی تلاوت کی عادت ڈالی جائے۔
اجلاس میں مولانا مرید حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی، مولانا ضیاء الحسن نجفی، مولانا محمد شفاء نجفی سمیت دیگر نامور علمائے کرام نے بھی اظہارِ خیال کیا اور مدارس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں، جبکہ مولانا شیخ مرزا علی اور مولانا محمد جواد حافظی کی جانب سے تحریری تجاویز بھی موصول ہوئیں۔







