آبنائے ہرمز میں ممنوعہ علاقے سے گزرنے والا آئل ٹینکر ’ایل گایا‘ بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ
آئل ٹینکر ایل گایا
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں ایک ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش کرنے والا آئل ٹینکر ‘ایل گایا’ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں سپاہ پاسداران کی بحریہ نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ممنوعہ حدود میں داخلے پر بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ٹینکر میں زوردار دھماکا ہوا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ بیان کے مطابق جہاز میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی تمام تر کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا ٹینکر شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کو بھاری نقصان، اخراجات 33 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، پینٹاگون کی خفیہ رپورٹ بے نقاب
سپاہ پاسداران کی بحریہ نے اپنے بیان میں سختی سے کہا ہے کہ غیر قانونی اور ممنوعہ راستوں سے گزرنے کے سنگین خطرات کے بارے میں پہلے ہی واضح طور پر خبردار کیا جا چکا تھا۔ انہوں نے ایک بار پھر دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز اس وقت بند ہے اور بدستور اس کی سخت اسمارٹ نگرانی اور کنٹرول کا عمل جاری ہے، لہٰذا کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کے نتائج کا ذمہ دار متعلقہ فریق خود ہوگا۔







